سول پارٹنر شپ کیلئے بھی ستمبر پسندیدہ مہینہ رہا جس میں 744 سول پارٹنرشپس ہوئیں
لندن (آئی این پی )برطانیہ میں نیشنل اسٹیٹیسٹکس کے ادارے او این ایس کے مطابق 2 ستمبر 2023 انگلینڈ اور ویلز میں سب سے زیادہ شادیاں ہونے والا دن ثابت ہوا جس روز 3227 جوڑوں نے شادی کی۔اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ 2023 میں شادیوں کا سب سے مقبول دن رہا جس پر ہونے والی شادیوں کی شرح 41.9 فیصد یعنی 93918 تھی۔اس کے علاوہ سول پارٹنر شپ کے لیے بھی ستمبر سب سے پسندیدہ مہینہ رہا جس میں 744 سول پارٹنرشپس ہوئیں جو مجموعی تعداد کا 9.9 فیصد ہے۔اس کے برعکس جنوری شادیوں اور سول پارٹنرشپ دونوں کیلئے سب سے کم مقبول مہینہ رہا جس میں صرف 2.6 فیصد شادیاں اور 6.3 فیصد سول پارٹنرشپس ہوئیں۔سال 2023 میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 24 ہزار 400 سے زیادہ شادیں ہوئیں جو پچھلے سال کے مقابلے میں 9.1 فیصد کم ہے۔دوسری جانب سول پارٹنرشپس کی تعداد میں 10 فیصد اضافہ ہوا اور تعداد 7547 تک جا پہنچی۔رپورٹ کے مطابق مردوں کی شادی کی اوسط عمر 34.8 سال جب کہ خواتین کی 33 سال رہی جو اب تک ریکارڈ ہونے والی بلند ترین عمروں میں شامل ہے۔مجموعی طور پر 1973 سے 2023 تک انگلینڈ اور ویلز میں شادیوں کی شرح میں 44 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔