پاک بحریہ کا مقامی طور پر تیار کردہ بحری جہاز سے اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

میزائل سمندری اہداف  اور زمینی مقاصد کو بھی انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے‘صدر‘وزیراعظم‘فیلڈ مارشل کی مبارکباد
راولپنڈی(آن لائن) پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ بحری جہاز سے اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ اس میزائل میں جدید ترین گائیڈنس سسٹم اور نقل و حرکت کی اعلیٰ خصوصیات موجود ہیں، جو سمندری اور زمینی اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق  چیف آف دی نیول اسٹاف نے سینئر سائنسدانوں اور انجینئرز کے ہمراہ فلائٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا۔ یہ کامیاب تجربہ پاکستان کی تکنیکی مہارت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق   اس کامیاب تجربے کے ساتھ پاکستان نے ایک اور بڑا سنگ میل عبور کیا ہے جو دفاعی ٹیکنالوجی میں اس کی خودکفالت کا عکاس ہے۔ پاک  بحریہ کا یہ کامیاب تجربہ نہ صرف دفاعی لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے بلکہ ملکی سطح پر خود انحصاری اور ٹیکنالوجی میں ترقی کا مظہر بھی ہے۔صدر آصف علی زرداری ، وزیرِ اعظم محمد شہبازشریف ، فیلڈ مارشل عاصم منیر ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور دیگر نے اس اہم کامیابی پر متعلقہ یونٹس اور سائنٹسٹس کو مبارکباد پیش کی ہے