پاکستان کا مقامی سطح پر تیار کردہ فاز میزائل کا کامیاب تجربہ

جدید سسٹم سے لیس میزائل طویل فاصلے پر فضائی اہداف نشانہ بناسکتا ہے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) پاکستان نے مقامی سطح پر تیار کردہ ہوا سے فضا میں مار کرنے والے فاز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، جس نے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فاز میزائل مقامی سطح پر تیار کیا گیا ہے اور جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے، جو دشمن کے فضائی اہداف کو طویل فاصلے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب تجربہ قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب اہم سنگ میل ہے۔ میزائل پاکستان فضائیہ کی آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرنے کے ساتھ مجموعی دفاعی نظام کو مزید مستحکم بنائے گا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کا ثبوت ہے۔ تجربے کے موقع پر مسلح افواج کے اعلیٰ افسران، ممتاز سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے۔ میزائل کے کامیاب تجربے پر صدرِ مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔