ضمنی الیکشن میں کامیابی نواز شریف کی قیادت اور پارٹی کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے شہبازشریف

امید ہے نومنتخب ارکان اسمبلی  اپنے حلقے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دل جمعی سے کام کریں گے اور قومی اسمبلی میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے قانون سازی میں بھرپور کردار ادا کریں گے :ارکان سے گفتگو
 وزیراعظم سے آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات کی ملاقات‘ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کا وسیع جائزہ،دونوں فریقین کا اقتصادی  تبادلوں میں پیشرفت کے لئے  کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق 
حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں با اختیار بنانے کیلئے پیکیج سمیت متعدد اہم اقدامات کر رہی ہے، خواتین پر تشدد کے خلاف سب کو متحد ہونا ہوگا:وزیراعظم کا خواتین کے عالمی دن پر پیغام
اسلام آباد( آن لائن‘آئی این پی ) وزیراعظم  محمد شہباز شریف سے نو منتخب ارکان قومی اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں نو منتخب اراکین میں بابر نواز، بلال فاروق تارڑ، بلال بدر، راجہ دانیال، حافظ نعمان، چوہدری طفیل جٹ اور محمود قادر  شامل تھے۔ وزیراعظم نے نو منتخب اراکین کو ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد  دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی قائد میاں محمد نواز شریف کے ویژن، ان کی قیادت اور پارٹی کارکنان کی محنت کا نتیجہ ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ کامیابی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کی گئی محنت پر عوام کے اعتماد کی عکاسی ہے۔ انہوں نے اراکین سے امید ظاہر کی کہ وہ  اپنے حلقے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دل جمعی سے کام کریں گے اور قومی اسمبلی میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی میں بھرپور کردار ادا کریں گے ۔دریں اثناء وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور  جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات میکائیل جباروف، کے درمیان آج وزیراعظم ہاؤس ، اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کا وسیع جائزہ لیا گیا۔ دوطرفہ تجارت میں مسلسل ترقی کو سراہتے ہوئے، دونوں فریقوں نے اقتصادی  تبادلوں میں پیشرفت کے لئے  کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ انہوں نے دفاعی پیداوار، پٹرولیم اور معدنیات، تعمیرات،  لائیواسٹاک، سیاحت اور آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں مزید تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر بھی تبادلہء￿  خیال کیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کی طرف سے پاکستان آذربائیجان مشترکہ سرمایہ کاری کمپنی کے قیام کی تجویز کا اعادہ کیا جس میں دونوں ممالک کی طرف سے مساوی شراکت داری ہو‘وزیراعظم نے آزر بائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیوف کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی‘علاوہ ازیں خواتین کے عالم کے موقع پر پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خواتین پر تشدد اور انہیں ہراساں کئے جانے کے واقعات کے مکمل انسداد کیلئے کثیر الجہتی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں با اختیار بنانے کیلئے پیکیج سمیت متعدد اہم اقدامات کر رہی ہے، خواتین پر تشدد کے خلاف سب کو متحد ہونا ہوگا۔  پاکستان تمام دنیا کے ساتھ اس اہم مقصد کو اجاگر کرنے کیلئے اپنی آواز کو بلند کر رہا ہے،اس سال یہ دن ''خواتین کے خلاف ڈیجیٹل تشدد کے خاتمے کے لیے متحد'' ہونے کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، یہ عنوان جدید دور میں خواتین کو مختلف سطحوں اور پلیٹ فارمز پر تشدد اور حراساں کئے جانے کی طرف توجہ دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس بات کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم سوچیں اور اس عہد کی تجدید کرتے ہوئے متحد ہو کر اس کے خلاف جدوجہد کریں،