حالات جیسے بھی رہے، بیٹے کے شوق اور اس کے مستقبل کے لیے حوصلہ کبھی کم نہیں ہونے دیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)والد کی محنت کا ہی نتیجہ ہے کہ حمزہ ظہور نے بھارت کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی۔پاکستان انڈر19 ٹیم کے بلے باز حمزہ ظہور کے والد آٹو رکشہ چلا کر اپنے خاندان کی کفالت کرتے رہے۔باپ کی اسی محنت کا نتیجہ ہے کہ حمزہ ظہور نے بھارت کے خلاف انڈر 19 میچ میں شاندار سنچری اسکور کرکے پاکستان کا نام روشن کردیا۔کرکٹ کھیل ہے جنون کا اور اسی جنون کا نتیجہ ہے کہ لاہور کی تنگ گلیوں سے نکلنے والے نوجوان حمزہ ظہور کی کامیابی پر آج ناصرف اس کا خاندان بلکہ پورا محلہ فخر کر رہا ہے۔کرکٹ اسٹار حمزہ کے والد نے محنت مزدوری اور رکشہ چلا کر خاندان کی کفالت کی، اپنی استطاعت کے مطابق حمزہ کو کرکٹ کے میدان تک پہنچانے میں ساتھ دیا۔ حالات جیسے بھی رہے، بیٹے کے شوق اور اس کے مستقبل کے لیے حوصلہ کبھی کم نہیں ہونے دیا۔حمزہ کی کامیابی میں بھائی کی محنت بھی کسی سے کم نہیں، جس نے ہر مشکل وقت میں اس کا ساتھ دیا اور حوصلہ بڑھایا۔