پوری پی ٹی آئی لیڈر شپ خون خرابہ نہیں چاہتی،فساد کی جڑ خفیہ ہاتھ ہے،جو سب پر بھاری ہے: محسن نقوی

پوری پی ٹی آئی لیڈر شپ خون خرابہ نہیں چاہتی،فساد کی جڑ خفیہ ہاتھ ہے،جو سب پر بھاری ہے: محسن نقوی

ویب ڈیسک:وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پوری لیڈرشپ خون خرابہ نہیں چاہتی بلکہ ایک خفیہ قیادت ہے جو تمام صورتحال کو کنٹرول کر رہی ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ خفیہ ہاتھ کا ایجنڈا کچھ اور ہے، اور یہ فساد کی جڑ ہے، جبکہ دیگر قیادت بات چیت کرنے کی خواہش رکھتی ہے، مگر خفیہ ہاتھ کی وجہ سے ایسا نہیں ہو پا رہا۔محسن نقوی نے پی ٹی آئی کے مظاہروں کے حوالے سے کہا کہ پولیس کو مظاہرین کی طرف سے آنسو گیس کے شیلز پھینکے جا رہے ہیں اور کل 4 افراد کی شہادت ہوئی ہے جن میں 3 رینجرز کے اہلکار اور ایک پولیس جوان شامل ہیں، جبکہ متعدد دیگر اہلکار بھی زخمی ہیں۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ان مظاہروں میں زیادہ تر افراد خیبر پختونخوا سے آئے ہیں اور وہ تربیت یافتہ ہیں، جن کی پشت پر خفیہ قیادت موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مظاہرین کی تعداد کا درست اندازہ لگانا مشکل ہے، لیکن ان کے قافلے مختلف ہیں اور یہ تمام صورتحال اس لیے ہے تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ محسن نقوی نے کہا کہ خونریزی کی طرف نہ جانے کا پیغام دیا گیا ہے اور مظاہرین سے مذاکرات کی پیشکش کی گئی ہے، مگر وہ اس کے لیے تیار نہیں ہیں۔وفاقی وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا کہ آنسو گیس شیلز کی بڑی مقدار ان کے پاس کیسے آئی، اس کا الزام خیبر پختونخوا کی حکومت پر ڈالا اور کہا کہ یہ شیلز کے پی حکومت نے فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ اگر خفیہ ہاتھ کا ایجنڈا صرف اپنے مطالبات تک محدود ہوتا تو یہ صورت حال اس طرح نہ بڑھتی، ان کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا تھا۔