کرتارپور راہداری کا بھارتی حصہ 16 دن سے بند، زیرو ٹرمینل گیٹ بند ہیں، پاکستانی انتظامیہ سکھ یاتریوں کی میزبانی کے لیے تیار
شکرگڑھ کے گوردوارہ دربار صاحب کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ کرتارپور راہداری کے بھارتی جانب کے زیرو ٹرمینل گیٹ 16 روز سے بند ہیں، جس کی وجہ سے بھارتی یاتری اور سیاح راہداری سے سفر نہیں کر پا رہے۔ پاکستانی جانب سے کرتارپور راہداری مکمل طور پر کھلی ہے اور یہاں کا عملہ بھارتی یاتریوں کی آمد کے لیے ہر وقت تیار اور منتظر ہے۔دربار صاحب انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ سکھ یاتریوں کی بہترین میزبانی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر چکے ہیں تاکہ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
اسی دوران، گوردوارہ میں آئے ہوئے یاتریوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کرتارپور راہداری فوری کھولے اور مذہبی زیارت گاہوں کو سیاسی تنازعات کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے تاکہ مذہبی رسومات میں خلل نہ پڑے اور امن و محبت کا پیغام برقرار رہے۔یہ صورتحال کرتارپور راہداری کے متنازعہ بندش کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، جس سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مذہبی اور ثقافتی تعلقات متاثر ہو رہے ہیں۔