ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی قیادت میں پیپلز پارٹی اٹک کی تنظیم اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ حاصل کر کے پاکستان کے اگلے نوجوان وزیراعظم ہوں گے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی جماعتیں موجود ہیں اور جب بھی پاک بھارت کشیدگی بڑھی، تمام سیاسی جماعتیں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہوئیں جس کی وجہ سے بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک اور جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آج پیپلز پارٹی پنجاب میں بھرپور متحرک اور فعال ہو گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں، محنت کشوں، سرکاری ملازمین اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی جماعت ہے جو ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم ہے۔
اس موقع پر اٹک کی تنظیم نے صدر آصف علی زرداری کو اٹک کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔صدر کا یہ بیان پیپلز پارٹی کی سیاسی حکمت عملی اور نوجوان قیادت کو مضبوط کرنے کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ وہ پارٹی کے وسیع سیاسی اثر و رسوخ کو مزید بڑھانے کے لیے پنجاب سمیت دیگر علاقوں میں متحرک ہونے پر زور دے رہے ہیں۔