ریونیو 9.6ٹریلین روپے سے بڑھ کر18 ٹریلین ہو گیا،عالمی مالیاتی فنڈ ، اضافہ ٹیکس وصولیوں، نئے ٹیکس اور مرکزی بینک کی مدد سے ممکن ہوا،وزارت خزانہ
اسلام آباد(آئی این پی ) عالمی مالیاتی فنڈ نے کہا ہے گذشتہ 2سالوں میں پاکستان کا ریونیو تقریبا دگنا ہو گیا ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ریونیو 9.6ٹریلن روپے سے بڑھ کر18 ٹریلین روپے ہو گیا ہے۔وزارت خزانہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ریونیو میں اضافہ ٹیکس وصولیوں، نئے ٹیکس اور مرکزی بینک کی مدد سے ممکن ہوا۔دوسری جانب معاشی ماہرین کے مطابق ریونیو میں اضافہ مصنوعی ہے، 2سالوں میں ٹیکس نیٹ میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی، ٹیکس کی شرح میں بہت اضافہ ہوا، تنخواہ دار طبقے اور صنعتی شعبے پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد دیا گیا۔معاشی ماہرین کے مطابق سیلز ٹیکس کی شرح 12 سے بڑھا کر 15 اور پھر18 فیصد کر دی گئی، اس وقت کرنٹ اکائونٹ سرپلس ہے لیکن روپے کی قیمت کم کی جا رہی ہے، دنیا میں امریکی ڈالرکی قیمت کم ہو رہی ہے لیکن پاکستان میں بڑھ رہی ہے۔