نئی دہلی (آئی این پی )بھارت میں چپس چوری کے الزام پر 12 سالہ بچے نے خودکشی کرلی۔بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست مغربی بنگال کے ضلع پچھم میدنی پور میں پیش آیا، جہاں 7 ویں جماعت کے طالب علم نے زندگی ختم کرنے کا انتہائی قدم اٹھایا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 12 سالہ کرشندو داس پر دکاندار نے چیس کے پیکٹ چوری کرنے پر الزام لگاتے ہوئے اسے بے عزت کیا تھا۔ اسے ڈانٹا اور کان پکڑ کر معافی مانگنے پر مجبور کیا،اس کے علاوہ اسے 15 روپے ادا کرنے پربھی مجبور کیا۔واقعے کا علم ہونے کے بعد لڑکے کی ماں نے بھی اسے ڈانٹ پلائی اور تھپڑ مارا ۔پولیس کے مطابق چوری کے الزام اور بے عزت کرنے پر بچے نے کیڑے مار دوا پی لی جسے ہسپتال بھی لے جایا گیا تاہم بدقسمتی سے وہ موت کے منہ میں چلا گیا۔پولیس کے مطابق گھر والوں نے مزید بتایا کہ مرنے سے قبل بچے نے اپنی والدہ کے نام خط بھی لکھا جس میں تمام تر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ماں، میں چور نہیں ہوں اور میں نے چپس کا پیکٹ چوری نہیں کیا۔