لاہور ( خصوصی رپورٹ)شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف علاقوں میں ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون نے یونین کونسل 211 اور 209 میں واسا سکیموں کا جائزہ لیا اور ٹھیکیداروں کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کام جلد مکمل کئے جائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر اقبال ٹائون نے یو سی 100 میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا، جہاں 20 گلیوں کو عید سے قبل مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔اسسٹنٹ کمشنر شالیمار نے یو سی 153 میں واسا سکیم کا جائزہ لیا، جہاں سیوریج لائن بچھانے کا کام عید سے قبل مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نشتر ٹائون نے یو سی 243، 236اور 250 میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ٹھیکیداروں سے بریفنگ لی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر راوی ٹائون نے ایم سی ایل سکیم کا معائنہ کیا۔