بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال کی صحت میں تیزی سے بہتری آ رہی ہے۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق تمیم اقبال کو حال ہی میں دل کے دورے کے بعد فوری طور پر ڈھاکا سٹی کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تمیم اقبال میچ کے دوران ساور کے علاقے میں گراؤنڈ میں کھیل رہے تھے اور انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا۔فوری طور پر انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا علاج شروع کیا اور انجیو پلاسٹی کی۔ ابتدائی طور پر ڈاکٹروں نے 48 گھنٹے ان کی صحت کے حوالے سے اہم قرار دیے تھے، تاہم اب بنگلا دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ تمیم اقبال کی صحت میں تیزی سے بہتری آئی ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کی ہدایت کی ہے۔اب تمیم اقبال کو دوبارہ ڈھاکا منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہیں گے۔ اگلے چند روز میں تمیم اقبال کا دوبارہ مکمل معائنہ کیا جائے گا تاکہ ان کی صحت کا جائزہ لیا جا سکے اور مزید اقدامات کیے جا سکیں۔