پنجاب میں خصوصی لیبر کورٹس کے قیام کی قانون سازی جلد پنجاب اسمبلی سے جلد از جلد منظور کروایا جائے گا،قائم مقام گورنر
لاہور(سپیشل رپورٹر) پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں ایک منفرد نظارہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب اس ایوان میں، جہاں ملک کے بڑے بڑے سیاستدان اور اعلیٰ حکومتی شخصیات بیٹھتی ہیں، وہاں عام مزدوروں کو عزت و احترام کے ساتھ مدعو کیا گیا۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین میں ویلفیئر گرانٹس اور عیدی تقسیم کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مزدور ملکی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور ان کے بغیر صنعت و زراعت کا پہیہ نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مزدوروں کے مسائل کو نظر انداز کیا جاتا رہا، لیکن موجودہ حکومت ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے اس موقع پر پنجاب میں خصوصی لیبر کورٹس کے قیام عمل میں لایا جائے تاکہ مزدوروں کو فوری انصاف فراہم کیا جا سکے۔ قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ یہ قانون جلد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور جلد از جلد منظور کروایا جائے گا۔ملک محمد احمد خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی عوام دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ''ستھرا پنجاب'' منصوبے کو موجودہ حکومت کی بہترین کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار کرے گا۔اس موقع پر وزیر کھیل و محنت و انسانی وسائل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے بھی شرکت کی اور کہا کہ گذشتہ حکومت کی نااہلی کے باعث مزدوروں کے واجبات کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی، مگر موجودہ حکومت نے 90 دن کے اندر تمام کیسز کلیئر کر دیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر مزدور کو 37 ہزار روپے کی امداد دی جا رہی ہے، اور 1200 سے زائد شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔تقریب کے دوران ممبر صوبائی اسمبلی امجد علی جاوید نے بھی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے مزدور طبقے کو مستحکم کرنا ضروری ہے۔ آخر میں مزدوروں میں چیکس تقسیم کیے گئے اور انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لیے مزید عملی اقدامات کرے گی۔