ٹرمپ کی جیت نے آمروں کی ریڑھ کی ہڈی کو ہلا کر رکھ دیا :عارف علوی

عمران خان کی طرف سے آپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں:ٹرمپ کو خط
    اسلام آباد (یواین پی) سابق صدر مملکت اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ڈاکٹر عارف علوی نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق خط میں عارف علوی کا کہنا ہے  آزادانہ و منصفانہ اور بغیر دھاندلی کے انتخابات نے امریکہ کے شہریوں کو اپنی خواہش اور امید کے اظہار کی اجازت دی ہے کہ وہ آپ کی قیادت کے ذریعے اپنے خوابوں کو پورا کرسکیں۔خط میں انہوں نے کہا ہے کہ اپنے ملک کے لوگوں کی طرف سے  آپ کو امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانے کی شاندار فتح پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں، ہم جمہوری قوموں کے طور پر مسلسل تعاون کے منتظر ہیں، درحقیقت آپ کی جیت نے دنیا کے آمروں اور خواہشمند آمروں کی ریڑھ کی ہڈی کو ہلا کر رکھ دیا ہوگا۔پی ٹی آئی رہنماء نے خط میں مزید کہا کہ آپ پاکستان کے اچھے دوست رہے ہیں، دنیا یوکرین اور فلسطین میں جنگ سے پریشان ہے اور اس کے اثرات سے پاکستان اور میرے لوگوں کو نقصان پہنچا ہے، عمران خان کی طرف سے میں عالمی امن کے لیے اپنی بہترین کوششوں کو جاری رکھنے کے لیے آپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔