ہائیکورٹ کا لاہور میں گولیوں سے کتا مار مہم روکنے کا حکم

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت، ڈی سی لاہور اور ایم سی ایل سے جواب طلب   کرلیا
 لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائی کورٹ نے لاہور ڈویژن میں گولیوں سے کتا مار مہم روکنے کا حکم دیتے ہوئے پنجاب حکومت، ڈی سی لاہور اور ایم سی ایل سے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ایرج حسن سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں پنجاب حکومت، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انتظامیہ کی جانب سے لاہور ڈویژن میں کتوں کو غیرقانونی طریقہ سے تلف کیا جا رہا ہے، آوارہ کتوں کو ویکسین کے ذریعے تلف کرنے کی پالیسی مرتب کی گئی تھی اس کے باوجود انتظامیہ پالیسی پر عمل درآمد کے بجائے گولی مار کر کتوں کو تلف کر رہی ہے۔وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ درخواست گزار کے مطابق دو ہفتوں میں ایک ہزار سے زائد کتوں کو گولی ماری کر تلف کیا گیا، درخواست میں اینیمل برتھ کنٹرول پالیسی پر عمل درآمد کی استدعا بھی کی گئی۔