گاڑیوں سے مضر دھویں کے اخراج کے ٹیسٹ میں 31اگست تک توسیع

لاہور(سپیشل رپورٹر )ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب نے گاڑیوں کے اخراج میں کیمیائی مادوں کی جانچ کے عمل (ایمیشن ٹیسٹنگ) کی آخری تاریخ میں 31اگست تک توسیع کر دی۔ادارے کے ڈائریکٹر جنرل عمران حامد شیخ کے مطابق پہلے یہ ڈیڈلائن 30جون مقرر تھی تاہم عوامی رش کے پیش نظر توسیع کردی گئی ہے تاکہ شہری باآسانی اپنی گاڑیوں کی جانچ کروا سکیں۔ڈی جی ماحولیات کے مطابق گذشتہ 50روز کے دوران صوبے بھر میں 1لاکھ 23ہزار سے زائد گاڑیوں کی ایمیشن ٹیسٹنگ کی گئی جن میں سے 2ہزار گاڑیاں ایسی پائی گئیں جن سے مقررہ حد سے زائد دھوئیں یا مضر کیمیکل کا اخراج ہو رہا تھا۔ ان گاڑیوں کے مالکان کو وارننگ جاری کرتے ہوئے اخراج کی سطح درست کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی جی ماحولیات کے مطابق سال 2022یا اس کے بعد تیار ہونے والی نئی گاڑیوں کو فی الوقت ایمیشن ٹیسٹنگ سے استثنیٰ حاصل ہے کیوں کہ یہ گاڑیاں جدید یورو سٹینڈرڈز پر بنی ہوتی ہیں اور ان میں پہلے ہی اخراج کو قابو میں رکھنے والے آلات نصب ہوتے ہیں۔