خام تیل کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بھی کمی، 31اگست کے بعد کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی

واشنگٹن(آئی این پی )عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تقریبا تین ماہ کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئیں۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تیل کی قیمتوں میں منگل کے روز مسلسل دوسرے دن بھی کمی دیکھی گئی اور برینٹ خام تیل کے مستقبل کے معاہدوں کی قیمت 66 سینٹ، یا 0.7 فیصد، کم ہو کر 88.71 ڈالر فی بیرل پر آ گئی تھی۔ یہ قیمت 31 اگست کے بعد اپنی کم ترین اختتامی سطح پر بند ہوئی تھی۔ادھر ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کے فیوچر معاہدوں کی قیمت 60 سینٹ، یا 0.8 فیصد، کم ہو کر 79.57 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔ سیشن کے دوران یہ 26 اگست کے بعد اپنی کم ترین سطح تک بھی پہنچی۔اگرچہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری آمد و رفت میں خلل کے خطرات بدستور موجود ہیں، تاہم تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان جاری ہے۔بی بی سی کے مطابق اس کی بنیادی وجہ خام تیل کی رسد میں اضافہ اور منڈی میں ضرورت سے زیادہ سپلائی کے خدشات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ڈی بی ایس بینک میں توانائی کے شعبے کی تحقیق کے سربراہ کا کہنا ہے کہ تاہم قیمتوں میں مزید اضافے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ یہ بھی ممکن ہے کہ کسی مرحلے پر دونوں میں سے کوئی ایک فریق دوسرے کے عزم اور مزاحمت کو جانچنے کے لیے کوئی اقدام کرے، جس کے نتیجے میں آبنائے ہرمز کی بندش کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔