دہشت گردی کا منصوبہ ناکام ، بھارتی ایجنسی’’ را‘‘ کے 6 سہولت کار گرفتار

 لاہور(کرائم رپورٹر) سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھارتی ایجنسی را کے 6 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔ سی ٹی ڈی پنجاب کے حکام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا  آپریشن یلغار میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایاگیا ہے اور بھارتی ایجنسی را کے 6 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان نے بتایا کہ گرفتار 2 ملزم بی ایس ایف سے آئی ڈی ایز حاصل کرچکے تھے، بہاولپور میں مسجد ،ریلوے اسٹیشن پر حملے کی منصوبہ بندی کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔شہزادہ سلطان کا کہنا تھا  بھارتی ایجنسی "را کے 6 سہولت کاروں کو پنجاب کے مختلف اضلاع سے گرفتار کیا گیا اور ملزمان سے آئی ای ڈیز، ڈیٹونیٹرز اورخفیہ دستاویز برآمد ہوئیں۔اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے دھماکاخیز مواد اور ڈیٹونیٹرز برآمد کیا گیا اور دہشت گردوں سے آئی ای ڈیز، حفاظتی فیوز ،خفیہ نقشے برآمد کئے۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ را کے افسران میجر رویندرا راٹھور اور انسپکٹر سنگھ کی آڈیو انٹرسیپٹس کی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بہاولپور میں دبئی سے فنڈنگ کرنے والا "را کا سہولت کار رنگے ہاتھوں پکڑا، دہشت گردوں کو بھارت سے ہدایات میں ٹارگٹ کلنگ ،حساس مقامات پر حملے شامل تھے۔