عمران خان ڈیل نہیں کرینگے، کیسوں میں کچھ بھی نہیں: احمدخان بھچر

لاہور(خصوصی رپورٹر) اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے  عمران خان ڈیل نہیں کریں گے، ان کے کیسز میں کچھ بھی نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب اسمبلی آئیں تو بھرپور احتجاج کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب تقریر کریں گی تو ہم گونگوں کی طرح نہیں بیٹھیں گے، اسمبلی میں اپوزیشن کا احتجاج حق ہے، احتجاج ہوگا۔پنجاب اسمبلی کے میڈیا ہال میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ابھی بجٹ کاسیشن چل رہا ہے اور ان کی حرکات سامنے آرہی ہیں، پنجاب کے صحت کے معاملے میں یہ غیر سنجیدہ ہیں، حکومت نے بجٹ میں ٹیچنگ ہسپتالوں کیلئے ایک روپیہ کا اضافہ نہیں ہوا۔ ٹیچنگ ہسپتالوں کو ادویات کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا، پھر میو ہسپتال جیسے حالات ہی تمام ٹیچنگ ہسپتالوں میں ہوں گے ،پی آئی سی کیلئے ایک روپیہ بھی نہیں بڑھایا گیا، چلڈرن ہسپتال کیلئے ایک روپیہ بھی نہیں بڑھایا گیا، تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کیلئے پچھلے سال والا ہی بجٹ رکھا گیا ہے۔ نشتر ہسپتال ملتان کے بجٹ میں کمی کی گئی ہے، جنوبی پنجاب کے بجٹ میں 17 کروڑ روپے کی کمی کی گئی ہے، کئی ہسپتالوں کے بجٹ میں کمی کی گئی ہے، انہوں نے صرف انفراسٹرکچر پر زور دیا ہے انفراسٹرکچر میں گھپلا زیادہ ہوتا ہے۔ پولیس کے بجٹ میں کمی کر لیں، انفراسٹرکچر کے بجٹ میں کمی کر لیں، وزیرخزانہ نے بجٹ پڑھ دیا تب ان کو خامیوں کا پتہ چلا یہ 26 ویں ترمیم جیسی کالی ترامیم لے کر آرہے ہیں، عدالتیں خود قید ہیں، عدالتیں قید سے باہر نہیں ہیں۔