قصور کے نواحی قصبے کوٹ رادھا کشن کے علاقے بھمبہ کلاں میں ایک نامعلوم 14 سالہ لڑکی کو کھیت سے شدید زخمی حالت میں برآمد کیا گیا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق لڑکی کا گلا کٹا ہوا تھا جبکہ جائے وقوعہ سے آلہ قتل اور ایک بیگ بھی ملا ہے، جس پر انگلیوں کے نشانات موجود ہیں۔ تفتیشی ٹیم نے شواہد قبضے میں لے کر نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
عینی شاہدین کا بیان:
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، علاقہ مکینوں نے ایک عورت اور ایک مرد کو لڑکی کے ساتھ دیکھا تھا۔ پولیس ان دونوں افراد کی شناخت کے لیے مقامی سطح پر چھان بین کر رہی ہے۔
پولیس کی کارروائی:
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد عیسیٰ خان کی ہدایت پر ڈی ایس پی صدر سرکل کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو متاثرہ لڑکی کے ورثاء اور ملزمان کی تلاش میں مصروف ہیں۔
لاش کی تدفین:
لڑکی کی شناخت تاحال ممکن نہ ہو سکی، جس کے باعث پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو امانتاً قصور میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا مؤقف:
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے حاصل کردہ شواہد کی بنیاد پر تحقیقات جاری ہیں اور توقع ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔