سعودی عرب: عمرہ کی ادائیگی کے بعد خوفناک حادثہ، پاکستانی خاندان کے 7 افراد جاں بحق

سعودی عرب: عمرہ کی ادائیگی کے بعد خوفناک حادثہ، پاکستانی خاندان کے 7 افراد جاں بحق

ریاض (ویب ڈیسک): سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے بعد پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق جبکہ 6 شدید زخمی ہو گئے۔

حادثہ اُس وقت پیش آیا جب عمر باچا خاندان کے 13 افراد پر مشتمل قافلہ عرفات سے مدینہ منورہ کی جانب رواں دواں تھا۔ راستے میں ان کی گاڑی کو المناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔زخمی ہونے والے دیگر 6 افراد کو فوری طور پر سعودی عرب کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس پر عزیز و اقارب سخت پریشان ہیں۔خاندانی ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی نمازِ جنازہ آج رات سعودی عرب میں ہی ادا کی جائے گی، جبکہ حادثے کا شکار خاندان بونیر کے علاقے ڈاگئی خدوخیل کا رہائشی ہے۔ متاثرہ خاندان 11 روز قبل عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوا تھا۔حادثے نے خوشیوں کو غم میں بدل دیا ہے، اور علاقے میں افسوس کی فضا چھا گئی ہے۔