امریکی پابندی کی خلاف ورزی:بھارت کی روس کو مہلک دھماکا خیز مواد کی خفیہ فروخت

دسمبر میں بھارتی کمپنی آئیڈیل ڈیٹونیٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ نے14لاکھ ڈالر مالیت کا ایچ ایم ایکس روس بھیجا،رپورٹ
لندن(آئی این پی)بھارت نے عالمی پابندیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے خفیہ طور پر روس کو ہتھیاروں میں استعمال ہونے والا خطرناک دھماکا خیز کیمیکل ایچ ایم ایکس فروخت کیا ہے، جو یوکرینی شہریوں پر برسنے والے میزائلوں اور راکٹوں میں استعمال ہو رہا ہے۔ یہ انکشاف بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے بھارتی کسٹمز ڈیٹا کے ذریعے کیا ہے۔دسمبر میں بھارتی کمپنی آئیڈیل ڈیٹونیٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ نے تقریبا 14 لاکھ ڈالر مالیت کا ایچ ایم ایکس روس بھیجا۔ حیرت انگیز طور پر یہ مواد دو ایسی روسی کمپنیوں کو فراہم کیا گیا، جن کے براہِ راست تعلقات روسی دفاعی صنعت سے ہیں۔ ان میں سے ایک کمپنی Promsintez وہی ادارہ ہے جس پر حال ہی میں یوکرین نے ڈرون حملہ کیا تھا۔