کراچی: کالعدم ٹی ٹی پی کے 3انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار، دھماکا خیز مواد برآمد

جاوید سواتی ، شاہد حسین اور اکبر زیب خان دہشت گردی، قتل، اقدام قتل و بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث 
 کراچی(آئی این پی )کراچی کے علاقے قائد آباد میںرینجرز اور سی ٹی ڈی کی خفیہ اطلاع پر ایک کارروائی کے دوران تحریک طالبان پاکستان سوات کے 3 انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جن کے قبضے سے دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔ملزمان میں جاوید سواتی عرف بھائی جان، شاہد حسین عرف عمر اور اکبر زیب خان شامل ہیں، جو دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جاوید سواتی عرف بھائی جان 2008میں ٹی ٹی پی سوات گروپ میں شامل ہوا تھا اور کمانڈر عمر الرحمان عرف استاد فاتح اور بن یامین کے گروپ کے ساتھ سوات میں انتہائی متحرک رہا۔ ملزم کے دو بھائی شاہد اور زاہد سوات میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ہلاک ہو گئے تھے، وہ اپنی فیملی کے ہمراہ سوات آپریشن کے بعد کراچی منتقل ہوا اور مختلف مقامات پر روپوش رہا اور 2012میں کراچی سے گرفتار ہو کر سوات میں 14ماہ تک جیل میں رہا، رہائی کے بعد پھر گلشن بونیر لانڈھی منتقل ہوا۔ ملزم کے قریبی ساتھی کمانڈر عمرالرحمان عرف استاد فاتح، عبد الرحمان عرف شہزاد، حبیب اللہ عرف معاویہ کنڑ افغانستان منتقل ہو گئے تھے، ملزم کے کمانڈر عمر الرحمان عرف استاد فاتح ، عبد الرحمان عرف شہزاد اور حمید اللہ عرف اظہار سے انتہائی قریبی تعلقات تھے اور وہ ان سے واٹس ایپ کے ذریعے مسلسل رابطے میں تھا۔ اور ان کے لیے سہولت کاری کا کام بھی سر انجام دیتا رہا ہے۔ملزمان شاہد حسین عرف عمر اور اکبر زیب خان 2010میں تحریک غلب الاسلام میں شامل ہوئے، 2014میں زکریا عرف انعام اللہ فتنہ الخوارج سوات گروپ میں شامل ہوئے، عسکری تربیت یافتہ ہیں اور افغانستان متعدد بار جا چکے ہیں۔ یہ ملزمان کراچی میں بھتہ وصولی، قتل و اقدام قتل کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے، ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر لاکھوں روپے بھتہ لیا۔اکبر زیب خان نے لانڈھی کے قریب مخبری کے شبہ میں ریٹائرڈ ہیڈ کانسٹیبل فضل زادہ کو قتل کیا اور سید آفرین کو زخمی کیا، گرفتار ملزمان کو اسلحہ و ایمونیشن اور دھماکا خیز مواد کے ساتھ مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔