اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سستے گھروں کی تعمیر کیلئے سکیم کی منظوری دے دی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سستے گھروں کی تعمیر کیلئے سکیم کی منظوری دے دی جب کہ مارک اَپ سبسڈی رسک شیئرنگ اسکیم کے تحت مالی معاونت کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ج وزارت خزانہ میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ای سی سی نے گھی، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے عالمی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو پورا ریلیف نہ ملنے پر اظہار تشویش کیا۔ای سی سی اجلاس میں وزارت صنعت کی جانب سے گھی، کوکنگ آئل کی دستیابی اور قیمتوں پر بریفنگ دی گئی جس پرکمیٹی نے قیمتوں میں اضافے اور کارٹلائزیشن کی روک تھام کی ہدایت کی جبکہ مسابقتی کمیشن، نیشنل پرائس کمیٹی، صوبائی حکومتوں کے درمیان روابط پر زور دیا گیا۔ ای سی سی کا کہنا تھا کہ وزارت صنعت اس حوالے سے اسٹیک ہولڈرز سے کوآرڈی نیشن کرے۔ذرائع کے مطابق حکومت 50 ہزار گھروں کی تعمیر کیلئے سبسڈی فراہم کرے گی، 20 سے 35 لاکھ تک کا قرضہ 20 سال کی مدت کیلئے دینے کی تجویز دی گئی ہے۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ ملک میں لوکاسٹ ہاؤسنگ کو فروغ دیا جائے گا۔ وزارت ہاؤسنگ کو اس شعبے کا جامع ڈیٹا بیس تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی اس مقصد کیلئے وفاقی اور صوبائی اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہدایت کی گئی ہے۔