گلگت‘لاہور(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)گلگت بلتستان کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ گلگت بلتستان میں سیلابی تباہ کاریوں سے 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جن میں 2 خواتین اور 2 بچے ہیں۔ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے کہا کہ سیلابی ریلے میں لاپتہ افراد کی تعداد 10 سے 12 ہوسکتی ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے 500 گھر تباہ ہوئے ہیں، مجموعی طور پر 12 کلومیٹر سے زائد سڑکیں تباہ ہوئیں۔فیض اللہ فراق نے بتایا کہ صوبہ بھر میں 27 پل اور 22 گاڑیاں سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئی ہیں، متعدد دکانیں و مویشی خانے بھی تباہ ہوئے ہیں، ‘ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کا پانچواں سپیل 28 سے شروع ہوگا اور 31 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد میں بارش کی پیشگوئی ہے۔پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اور اوکاڑہ میں بارش متوقع ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ 29 جولائی 31 سے ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ اور راجن پور میں بارشوں کا خدشہ ہے، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔