محکمہ جنگلات ان ایکشن، ہنس نسل کی44 بطخیں بر آمد

 سمگلنگ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی، سائیبریا سے ہجرت کرنے والے آبی پرندے بارہیڈڈ گیز آزاد کئے جائیں گے
لاہور(خصوصی رپورٹ) محکمہ جنگلات پنجاب نے نایاب پرندوں او ر پاڑہ ہرن کے گوشت کی غیرقانونی سمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ہنس نسل کی44 بطخیں بھی بر آمد کرلیں، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر سائیبریا سے ہجرت کرنے والے آبی پرندے بارہیڈڈ گیزبدھ کو آزاد کئے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تمام پرندے نہایت صحت مند ہیں، محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کی ٹیم کی پرندوں کے معائنہ کے بعد بارہیڈڈ گیزکو کالا خطائی کے نیشنل پارک سے فضا میں چھوڑا جائے گا۔غیرقانونی دھندے میں ملوث دو ملزمان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی جبکہ کارروائی پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ2025کی خلاف ورزی پر کی گئی ہے۔وائلڈ لائف ایکٹ 2025 کے تحت جانوروں اور پرندوں کے غیرقانونی سمگلنگ کا جرم ناقابل ضمانت ہے۔وزیراعلٰی پنجاب مریم نوازشریف کی محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کی تمام ٹیم کو شاباش دی جبکہ پنجاب حکومت نے غیرقانونی سرگرمی میں ملوث عناصر کی اطلاع دینے والے شہری کا شکریہ بھی ادا کیا۔