ناصر سمیت چار افراد زخمی ،ہسپتال منتقل، ریسکیو اہلکاروں نے ملبہ ہٹا کر متاثرین کو نکالا،تحقیقات
لاہور،شرقپور شریف(کرائم رپورٹر،تحصیل رپورٹر،نمائندہ خصوصی) شرقپور کے علاقے محلہ غریب آباد میں آتشبازی کا سامان پھٹنے سے زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو گھر مکمل طور پر زمین بوس ہو گئے، جبکہ ایک شخص جاں بحق اور چار افراد زخمی ہو گئے۔پولیس رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ صبح گیارہ بج کر اکتالیس منٹ پر پیش آیا۔ ایک ہی گھر کے دو پورشنز میں عامر اور ناصر نامی شہری اپنے اہل خانہ کے ہمراہ رہائش پذیر تھے۔ بتایا گیا ہے کہ عامر کے پورشن میں آتشبازی کا سامان رکھا گیا تھا جس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور زور دار دھماکہ ہو گیادھماکے کے نتیجے میں گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا اور ملبے تلے متعدد افراد دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ایدھی فاؤنڈیشن کے رضاکار اور ایمبولینسیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبہ ہٹا کر متاثرین کو نکالا اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیاپولیس کے مطابق دھماکے میں عامر ولد لیاقت جاں بحق ہو گیا، جبکہ ملحقہ پورشن میں مقیم ناصر سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔ جائے وقوعہ کو کلیئر کر کے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور واقعے کی باقاعدہ رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔