لاہور میں بسنت کے دوران17 اموات ہوئیں: ہائیکورٹ میں رپورٹ پیش

 کرنٹ لگنے سے 3 افراد ، درخت سے گر کر 2 افراد ہلاک ہوئے ‘ 12 افراد چھتوں سے گر کر جان کی بازی ہار گئے:ہوم ڈیپارٹمنٹ
بسنت کے دوران ڈور پھرنے سے زخمیوں کا ڈیٹا نہیں دیا گیا:درخواست گزار‘عدالت نے سیکرٹری داخلہ  سے زخمیوں کی تفصیلات طلب کر لیں
لاہور (آن لائن) لاہور میں بسنت کے دوران ہلاکتوں کے متعلق ہوم ڈیپارٹمنٹ نے رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادی  ہے جس بتایاگیاہے لاہور میں بسنت کے دوران 17 اموات ہوئیں،جبکہ  لاہور ہائیکورٹ نے بسنت کے دوران زخمی افراد کی ہوم سیکرٹری پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک اویس خالد نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت عدالتی حکم پر ہوم ڈیپارٹمنٹ نے رپورٹ جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ لاہور میں بسنت کے دوران مجموعی طور پر 17 اموات ہوئیں، کرنٹ لگنے سے 3 افراد ہلاک ہوئے، درخت سے گر کر 2 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 12 افراد چھتوں سے گر کر جان کی بازی ہار گئے۔دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا  بسنت کے دوران ڈور پھرنے سے زخمیوں کا ڈیٹا نہیں دیا گیا، درخواست میں بسنت کے دوران ہونے والی اموات اور زخمیوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔عدالت نے کارروائی آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے  سیکرٹری داخلہ  پنجاب سے زخمی افراد کی تفصیلات طلب کر لیں۔