چیئرمین کمیٹی عبد الغفور حیدری کی سربراہی میں اجلاس،ہائوسنگ منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہمی کی ہدایت
اسلام آباد(آن لائن ) قومی اسمبلی کی ہائوسنگ کمیٹی نے پاک پی ڈبلیو ڈی کی بندش کے فیصلے پر نظر ثانی کی سفارش کی ہے ،کمیٹی نے وزارت ہائوسنگ کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔منگل کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ وفاقی وزیر ہائوسنگ سمیت سیکرٹری ہائوسنگ اور دیگر حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں کمیٹی اراکین نے متفقہ طور پر وزیر اعظم سے پاک پی ڈبلیو ڈی کو بند کرنے کے فیصلے کا از سرنو جائزہ لینے اور اس پر نظر ثانی کرنے کی درخواست کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری وزارت نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کی بجٹ تجاویز پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔ کمیٹی نے پاک پی ڈبلیو ڈی کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ کمیٹی اراکین نے کہاکہ اس فیصلے سے نہ صرف محکمے کے ملازمین متاثر ہوں گے بل کہ اس کے اہم عوامی خدمات کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی فراہمی پر بھی سنگین نتائج مرتب ہو سکتے ہیں۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر وزیراعظم سے پاک پی ڈبلیو ڈی کو بند کرنے کے فیصلے پر نظرثانی اور نظر ثانی کی درخواست کرنے پر اتفاق کیا۔