چین نے تائیوان کو اسلحہ فروخت کرنے والی 20 امریکی دفاعی کمپنیوں اور 10 افراد پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
بیجنگ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پابندی کے تحت ان کمپنیوں اور افراد کے چین میں موجود تمام اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں۔چینی وزارت خارجہ کے مطابق پابندی کے تحت شامل 10 افراد میں امریکی دفاعی کمپنی کے بانی سمیت 9 اعلیٰ عہدیدار بھی شامل ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق چین کی یہ کارروائی گزشتہ ہفتے امریکہ کی جانب سے تائیوان کو 11.1 ارب ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے۔ چین نے اس اقدام کو علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے اور امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات کے “سنگین نتائج” بھگتنا ہوں گے۔