صدر بنتے ہی سزائے موت کا سلسلہ تیز کرنے کا حکم جاری کروں گا:ٹرمپ

محکمہ انصاف کو پرتشدد ریپ کرنے والوں، قاتلوں، درندوں کی سزائے موت پر سختی سے عمل کی ہدایت دوںگا
واشنگٹن (آئی این پی )نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سزائے موت کے مجرموں کی سزائیں عمر قیدمیں تبدیل کرنے پر صدر بائیڈن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاصدر بنتے ہی محکمہ انصاف کو سزائے موت کا سلسلہ تیز کرنے کا حکم جاری کریں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کے اپنے پلیٹ فارم سوشل ٹروتھ پر جاری اپنے ایک بیان میں کہاکہ امریکی شہریوں کو قاتلوں سے بچانے کے لیے سزائے موت پرعمل درآمد ضروری ہے،امریکا میں لاء اینڈ آرڈر کو بحال کریں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دوسرے دور اقتدار کے دوران سزائے موت کے استعمال میں تیزی لانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریپ کرنے والوں، قاتلوں اور درندوںکا تعاقب کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے  کہا کہ جیسے ہی میں عہد سنبھالوں گا، فوری طور پر محکمہ انصاف کو ہدایت دوں گا کہ وہ پرتشدد عصمت دری کرنے والوں، قاتلوں اور درندوں سے امریکی خاندانوں اور بچوں کو بچانے کے لیے سزائے موت پر سختی سے عمل کرے، ہم ایک بار پھر امن و امان والی قوم بنیں گے۔