کراچی: ملیر کینٹ میں خاتون کا قتل، دیور نے زیادتی کے بعد گلا دبانے کا اعتراف کرلیا

کراچی: ملیر کینٹ میں خاتون کا قتل، دیور نے زیادتی کے بعد گلا دبانے کا اعتراف کرلیا

کراچی کے علاقے ملیر کینٹ حاجی زکریا گوٹھ میں 30 سالہ خاتون کی پھندا لگی لاش ملنے کے واقعے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا۔ اس سنگین واردات کے الزام میں مقتولہ کے دیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جس نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف بھی کرلیا۔پیر کے روز ملیر کینٹ تھانے کی حدود میں واقع ایک مکان سے سعدیہ دختر ہدایت اللہ کی لاش ملی تھی۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردیا تھا۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ مقتولہ کے گلے پر پھندے کے نشانات کے ساتھ ناک اور ماتھے پر بھی تشدد کے نشانات موجود تھے۔ ابتدائی طور پر مقتولہ کے سسرالیوں نے واقعے کو خودکشی قرار دیا، تاہم مقتولہ کے بھائی محمد اسحاق نے الزام لگایا کہ اس کی بہن کو ذاتی رنجش کی بنیاد پر قتل کیا گیا۔پولیس نے بھائی کی مدعیت میں مقتولہ کے دیور، ساس، دیورانی اور دیگر اہل خانہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ اس دوران ملزم دیور اسحاق کو گرفتار کیا گیا، جس نے دورانِ تفتیش خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے اور پھر گلا دبا کر قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔