وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے جمعرات کی صبح وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں الوداعی ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم نے رینا کیونکا کو پاکستان میں اپنی سفارتی مدت کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی مضبوطی میں ان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر 2022ء کے تباہ کن سیلاب کے دوران یورپی یونین کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کو یقینی بنانے میں سفیر کی کوششوں کی تعریف کی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے اور جی ایس پی پلس (GSP+) اسکیم دونوں فریقین کے لیے نہایت سودمند ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے اس اسکیم کے تسلسل کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے یورپی یونین کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل قریب میں ان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
ملاقات میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال اور یورپی یونین کے ساتھ مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے وزیر اعظم اور پاکستانی حکومت کی جانب سے حاصل ہونے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے وزیراعظم کی نیک خواہشات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ برسلز میں اپنی نئی ذمہ داریوں کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔