لاہور کے علاقے لیاقت آباد میں نوکری کا جھانسہ دے کر 13 سالہ بچی سے زیادتی کے واقعے میں پولیس نے ملوث ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق متاثرہ بچی بہار کالونی میں واقع ایک گھر میں کام کرتی تھی۔ ملزم نے اسے زیادہ تنخواہ والی نوکری دلوانے کا جھانسہ دیا اور ورغلا کر نامعلوم مقام پر واقع ایک گھر میں لے گیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے بچی کو نشہ آور دوا پلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا اور مبینہ طور پر اس کی نازیبا ویڈیو بھی بنائی۔ ملزم ویڈیو کے ذریعے بچی کو بلیک میل بھی کرتا رہا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم اویس کو گرفتار کرلیا، جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے جینڈر سیل کے حوالے کردیا گیا ہے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں کا استحصال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی۔