لاہور میں طلبہ کو نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر رقم وصول کرنے والے ملزم کو پولیس نے اس کی شادی کی تقریب سے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم فرحان پولیس والنٹیئر پروگرام سے وابستہ طلبہ کو ملازمت کا لالچ دے کر مبینہ طور پر رقم بٹورتا تھا۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق متاثرہ طلبہ نے ملزم کے خلاف ڈی آئی جی آپریشنز کو شکایات پیش کی تھیں، جس پر معاملے کی خفیہ انکوائری کروائی گئی۔ انکوائری کے دوران شکایات درست ثابت ہونے پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ مقدمے کے اندراج کے بعد تھانہ نشتر کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم فرحان کو اس کی شادی کی تقریب سے گرفتار کر لیا۔ پولیس کی جانب سے معاملے کی مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ پولیس والنٹیئر پروگرام طلبہ کو پولیس کے ساتھ رضاکارانہ طور پر منسلک کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد طلبہ کو پولیس کے ساتھ تعاون اور عوامی خدمت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
فیصل کامران نے طلبہ کو خبردار کیا کہ پولیس والنٹیئر پروگرام میں شمولیت یا نوکری دلوانے کے نام پر کسی بھی شخص کو رقم ادا نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص ملازمت یا پروگرام میں شمولیت کے عوض پیسوں کا مطالبہ کرے تو اس سے محتاط رہیں اور ایسے کسی بھی فراڈ کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ ملازمت کے جھوٹے وعدوں اور مالی دھوکا دہی سے بچنے کے لیے متعلقہ حکام سے تصدیق کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں پولیس سے رابطہ کریں۔