لاہور(کرائم رپورٹر) نوانکوٹ پولیس نے چوری کی بڑی واردات ٹریس کرتے ہوئے میاں بیوی کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے مالیت کے ساڑھے 17 تولے طلائی زیورات اور نقدی برآمد کرلی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کا ٹاسک دیا تھا۔ ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن حسن فاروق کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن نوانکوٹ راشد محمود نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو کراچی سے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان تک پہنچنے کے لیے ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی گئی۔ ڈی ایس پی گلشن راوی کے مطابق مدعیہ نے اپنے کرایہ داروں کے خلاف طلائی زیورات چوری ہونے کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو زیورات کے بارے میں علم تھا، جس پر انہوں نے چوری کا منصوبہ بنایا۔ ڈی ایس پی انویسٹی گیشن علی اکبر چٹھہ نے برآمد ہونے والا سونا اور نقدی اصل مالکان کے حوالے کردی۔ مال کی سو فیصد برآمدگی پر مدعیہ نے پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔