نیا مفتی اعظم اور علماء کونسل کے سربراہ کا تقرر

نیا مفتی اعظم اور علماء کونسل کے سربراہ کا تقرر

سعودی عرب کے معروف عالم دین شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید کو مملکت کا نیا مفتی اعظم اور سینئر علماء کونسل کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔

حرمین شریفین سے متعلق اپ ڈیٹس فراہم کرنے والے سوشل میڈیا پیج انسائیڈ دی حرمین نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شاہی عدالت کی جانب سے یہ فیصلہ باضابطہ طور پر جاری کیا گیا ہے۔ یہ تقرری سابق مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللّٰہ آل الشیخ کے 23 ستمبر 2025 کو انتقال کے بعد عمل میں لائی گئی۔

شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید کا تعارف
پیدائش: 1949ء، البُکریہ (سعودی عرب)
اہم ذمہ داریاں:

1984ء سے خانہ کعبہ کے امام کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
متعدد بار خطبۂ حج مسجد نمرہ (عرفات) میں پیش کر چکے ہیں۔
سعودی شوریٰ کونسل کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔
فقہ، شریعت اور اسلامی معیشت پر متعدد کتابیں اور تحقیقی مضامین تحریر کیے ہیں۔
دینی خدمات
شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید کو اسلامی دنیا میں ایک فقیہ، مفسر اور خطیب کے طور پر نمایاں مقام حاصل ہے۔ وہ قرآن و سنت کی روشنی میں معاصر مسائل کے حل پیش کرنے کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ ان کی تقرری کو نہ صرف سعودی عرب بلکہ پوری مسلم دنیا میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔علماء اور عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں سعودی عرب کے دینی ادارے مزید مضبوط ہوں گے اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا حل شرعی بنیادوں پر فراہم کیا جائے گا۔