ویب ڈیسک: وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیداد کے تنازعات کے حل کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی جارہی ہیں، تاکہ اوورسیز کو فوری انصاف فراہم کیا جا سکے۔
نیویارک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی عالمی سطح پر ملک کی توانا آواز ہیں، انہیں وہ تمام سہولتیں دی جائیں گی جو ان کی خدمات کے شایانِ شان ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ 126 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا پر ایئر ٹو ارائیول کیٹیگری متعارف کرائی گئی ہے جبکہ حکومت مزید اصلاحات کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو بذریعہ ویڈیو لنک شہادت ریکارڈ کرانے کی سہولت دی جائے گی، جس سے انہیں مقدمات کی پیروی کے لیے پاکستان آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ درخواستیں اور ضروری دستاویزات آن لائن جمع کرانے کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق ایف بی آر اوورسیز پاکستانیوں کو بطور فائلرز تسلیم کرے گا، جس کے بعد ان کے بینکنگ اور کاروباری معاملات مزید آسان ہو جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اوورسیز کے بچوں کے لیے جامعات اور میڈیکل کالجز میں خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پنجاب اور بلوچستان میں بورڈ آف ریونیو نے اوورسیز سہولت مراکز قائم کر دیے ہیں جبکہ ایئرپورٹس پر گرین چینل سہولت کو دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں پاکستانی سفارتی مشنز کی تزئین و آرائش بھی کی جا رہی ہے تاکہ اوورسیز کمیونٹی کو براہ راست سہولت فراہم ہو سکے۔