حارث رؤف کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بھی بھارتیوں پر طنز

حارث رؤف کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بھی بھارتیوں پر طنز

وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کرسٹیانو رونالڈو کی ایک سلو موشن ویڈیو شیئر کی، جس نے پاک بھارت مداحوں کے درمیان ایک نیا "ٹرولنگ مقابلہ" شروع کر دیا ہے۔

ویڈیو میں فٹبال لیجنڈ رونالڈو ہاتھ کے اشارے سے جہاز کو گرتے ہوئے دکھاتے ہیں۔ یہ انداز بالکل ویسا ہی ہے جیسا ایشیا کپ کے دوران پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے بھارتی شائقین کے طعنوں کے جواب میں دکھایا تھا، جس پر بھارتی میڈیا نے اعتراض اٹھایا اور بی سی سی آئی نے آئی سی سی میں شکایت درج کرائی تھی۔رافیل طیارے کے گرنے کے تناظر میں رونالڈو کی اس ویڈیو کو پاکستان میں "رافیل یاد دہانی" کہا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے بھارت کا مذاق بنایا۔

بھارتی حلقے اس عمل کو "ٹرولنگ" قرار دے رہے ہیں، جبکہ پاکستانی مداح اسے کھیل سے ہٹ کر ایک اور جیت قرار دے رہے ہیں۔یاد رہے کہ پاک بھارت تنازع کھیل کے میدان کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی جاری ہے اور اب اس میں رونالڈو کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔