سیلاب متاثرہ طلبہ کی فیس معاف‘زمین پر قبضے کے کیسو ں کا فیصلہ90دن میں ہوگا مریم نواز

 تباہی کے دوران اپنے بچوں اور بچیوں کی تعلیم متاثر نہیں ہونے دوں گی، پوری کوشش جاری ہے  سیلاب متاثرین کی پوری مدد یقینی بنائی جائے
  بیوائوں اور یتیموں کی زمین پر قبضہ کرنیوالے کو 10 سال سزا ہوگی‘پیرا فورس کا قیام میرا خواب تھا جو شرمندہ تعبیر ہوا: پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب 
لاہور(سپیشل رپورٹر ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کیلئے  خصوصی پیکیج کی منظوری دیتے ہوئے  ایک سمسٹر کی فیس معاف کر دی ۔سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے بی ایس فرسٹ ایئر کے طلبا کی داخلہ فیس معاف کر دی گئی ہے،سیلاب  سے متاثرہ مظفرگڑھ، ملتان، لودھراں، وہاڑی، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، چنیوٹ اور قصور کے طلبا کی سال اول کی فیس معاف کی گئی ہے۔اس کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ ان اضلاع میں واقع تمام یونیورسٹیوں میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں بھی 20 دن  اورہونہار اسکالرشپ کے لئے  درخواست دینے کی آخری تاریخ  میں ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔  وزیراعلی مریم نواز شریف نے یہ پیکج سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبا کے والدین کی مالی مشکلات کم کرنے اور نوجوانوں کی سہولت کے لئے دیاہے۔ اس حوالے سے وزیراعلی مریم نواز شریف کاکہناہے کہ سیلاب کی تباہی کے دوران اپنے بچوں اور بچیوں کی تعلیم متاثر نہیں ہونے دوں گی، پوری کوشش جاری ہے کہ سیلاب متاثرین کی پوری مدد یقینی ہو، جلد بحالی اور نقصانات کا ازالہ ہو۔دریں اثناء  مریم نواز  نے صوبے میں   زمینوں پر  قبضے چھڑانے کیلئے قانون سازی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے خصوصی عدالتوں میں زمین پر قبضے سے متعلق کیس کا فیصلہ 90 دن میں ہو گا، بیواں اور یتیموں کی زمین پر قبضہ کرنے والے کو 10 سال سزا ہوگی،  سی سی ڈی نے جس طرح امن و امان قائم کیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) فورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعلی مریم نواز کا کہنا تھا پیرا فورس کا قیام میرا خواب تھا جو شرمندہ تعبیر ہوا، عوام کے لئے آسانیاں فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے پر لوگ خصوصا خواتین بہت خوش ہیں، پیرا فورس میں باصلاحیت خواتین شامل ہیں۔