50 ہزار امیدوار شریک ہونگے ،امتحان کے پْرسکون انعقاد کیلئے بکروں کا صدقہ بھی دیا
تمام امتحانی مراکز پر امیدواروں اور عملے کے موبائل فون لانے پر مکمل پابندی ہوگی
لاہور(خصوصی رپورٹ)ایم ڈی کیٹ کے پرچے سخت حفاظتی انتظامات میں پنجاب کے مختلف شہروں کیلئے۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے زیر اہتمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے ہونے والا ایم ڈی کیٹ امتحان 26 اکتوبر کو پنجاب کے 12 شہروں میں قائم 27 امتحانی مراکز میں ہونگے جس میں 50 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہوں گے۔ اس حوالے سے یونیورسٹی نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔امتحانی پرچے اور دیگر میٹریل جمعہ کے روز سخت حفاظتی انتظامات کے تحت مختلف شہروں کو روانہ کر دیا گیا۔ امتحانی پرچوں کو سٹیل کے سربمہر ٹرنکوں میں رکھا گیا ہے جنہیں پولیس، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلعی افسر اپنی نگرانی میں لے کر روانہ ہوئے۔ روانگی سے قبل وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور کی قیادت میں امیدواروں، والدین اور عملے کی سلامتی و امتحان کے پْرسکون انعقاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی جب کہ مشکل سے حفاظت کے لیے بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا۔ترجمان کے مطابق امتحانی پرچے متعلقہ اضلاع کے خزانہ دفاتر کے سیف رومز میں محفوظ کیے جا رہے ہیں۔ امتحان کے دوران بہتر کوآرڈینیشن کے لیے یو ایچ ایس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں سے پروفیسر احسن وحید راٹھور خود امتحانی عمل کی نگرانی کریں۔ تمام امتحانی مراکز پر امیدواروں اور عملے کے موبائل فون لانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ ہفتہ کے روز نگران عملے کی ٹریننگ منعقد کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے تمام انتظامات مکمل کر لیے۔ امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی تاکہ غیر متعلقہ افراد کا داخلہ روکا جا سکے۔