ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ، امتحانی مراکز کی مرکزی کیمروں سے نگرانی کا فیصلہ

لاہور(آئی این پی ) پنجاب میں ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحانی مراکز کی مرکزی کیمروں سے نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔15 شہروں میں انتظامات مکمل کر لئے گئے ۔تفصیل کے مطابق پنجاب میں ایم ڈی کیٹ  2026 کے امتحانی مراکز کی شفافیت، سیکیورٹی اور کڑی نگرانی کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مرکزی کیمروں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔لاہور سمیت صوبے بھر کے امتحانی مراکز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔امتحانی مراکز میں نصب کیمروں کا لائیو فیڈ حاصل کرنے اور مرکزی رسائی کے لئے ایک خاص مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا جائے گا، جو امتحان کے دوران سیکیورٹی امور کی مسلسل دیکھ بھال کرے گا۔پنجاب بھر میں ایم ڈی کیٹ کا امتحان 20 ستمبر 2026 کو منعقد کیا جائے گا۔امتحان کے شفاف انعقاد کیلئے صوبے کے 15 بڑے شہروں میں مراکز قائم کئے گئے ہیں، جن میں لاہور، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد ، بہاولپور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، سرگودھا، گجرات اور ڈی جی خان ، ساہیوال، لیہ، بہاولنگر، میانوالی اور رحیم یار خان شامل ہیں۔