وزیراعلیٰ مریم ، رانا ثنا کیخلاف نیب آفس پر حملے کا مقدمہ ختم

ملزموں پر الزامات ثابت نہیں ہوئے ، خصوصی عدالت نے محفوظ فیصلہ سنادیا
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا آاور دیگر لیگی رہنمائوں کے خلاف نیب آفس پر حملے کے مقدمے میں اخراج رپورٹ منظور کرتے ہوئے مقدمہ ختم کر دیا۔ قبل ازیں عدالت نے 3 اکتوبر کو سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا مریم نواز اور دیگر کے خلاف پتھرائو کے الزامات ثابت نہیں ہوئے۔ دوران سماعت کیس کے مدعی ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب چودھری اصغر عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت کے استفسار پر مدعی نے کہا انہیں اخراج رپورٹ پر کوئی اعتراض نہیں۔ایس پی معظم علی، ڈی ایس پی ذوالفقار علی بٹ اور ڈی ایس پی محمد خان نے بطور گواہ بیانات قلمبند کرائے جنہوں نے بتایا ملزموں کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملے۔یہ مقدمہ 2020 میں تھانہ چوہنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محمد اصغر کی مدعیت میں درج ہوا تھا جس میں مریم نواز، رانا ثنا آ، کیپٹن (ر)صفدر ،بلال یاسین اور دیگر لیگی رہنما نامزد تھے۔