مفاد پرست مودی ملکی خودمختاری کو دا ئو پر لگا کر اپنے اقتدار کو طول دینے میں مصروف ہیں
،ان کا وشو گرو بننے کا خواب اب عالمی سطح پر ٹرمپ کے سامنے جھکنے سے چکنا چور ہو گیا ہے
نئی دہلی(آئی این پی ) بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس نے وزیرِاعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کی ناکام سفارتی پالیسیوں نے بھارت کو عالمی طاقتوں کے مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا ہے اور ملک کی خودمختاری خطرے میں ڈال دی ہے۔کانگریس رہنما جے رام رمیش نے کہا کہ مودی حکومت کے فیصلے ملکی سطح پر اعلان ہونے سے پہلے ہی بیرون ملک ظاہر ہوجاتے ہیں، جو مودی کی کمزور اور انحصار پسند خارجہ پالیسی کو بے نقاب کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود انکشاف کیا کہ مودی نے روسی تیل کی درآمد روکنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جب کہ بھارتی حکومت نے اس پر کوئی باضابطہ بیان نہیں دیا۔جے رام رمیش نے الزام لگایا کہ مودی قومی پالیسیاں چھپاتے ہیں، مگر ٹرمپ ان کا اعلان کرتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ نے حکومت کے سرکاری اعلان سے پہلے ہی آپریشن سندور کے خاتمے کا اعلان بھی کر دیا تھا، جو مودی سرکار کی کمزوری کا ثبوت ہے۔کانگریس نے کہا کہ مودی کا کوالالمپور سمٹ اور غزہ کانفرنس میں شرکت سے انکار اس بات کی علامت ہے کہ وہ ٹرمپ کا سامنا کرنے سے گریزاں ہیں۔اپوزیشن رہنمائو ں نے مودی کو مفاد پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی خودمختاری کو دا ئو پر لگا کر اپنے اقتدار کو طول دینے میں مصروف ہیں، جبکہ ان کا وشو گرو(دنیا کا استاد) بننے کا خواب اب عالمی سطح پر ٹرمپ کے سامنے جھکنے سے چکنا چور ہو گیا ہے۔سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کی پالیسیوں نے بھارت کی سفارتی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا ہے اور دنیا میں بھارت کی نام نہاد خودمختاری کا پردہ فاش کردیا ہے۔