صنعاء: یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے مالیاتی مرکز اور مشرقی علاقے میں واقع اہم راس تنورہ آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
حوثیوں کے مطابق یہ کارروائیاں یمن میں ان کے زیرِ کنٹرول علاقوں پر ہونے والے حملوں کے جواب میں کی گئیں۔حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے بدھ کے روز جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ راس تنورہ آئل ریفائنری پر حملہ درست اور براہِ راست تھا، جس کے نتیجے میں تنصیب میں آگ بھڑک اٹھی۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاض کے مالیاتی مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا اور یہ کارروائی تین مختلف مراحل میں مکمل کی گئی۔ حوثی ترجمان کے مطابق تمام حملوں نے اپنے اہداف کو درست طور پر نشانہ بنایا۔
حملوں کو جوابی کارروائی قرار دے دیا
یحییٰ سریع نے اپنے بیان میں ان حملوں کو یمن کے زیرِ کنٹرول علاقوں پر ہونے والی کارروائیوں کا جواب قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثی فورسز نے ان حملوں کے ذریعے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔
سعودی حکام کا مؤقف سامنے نہ آسکا
حوثی باغیوں کی جانب سے حملوں کے دعوے کے بعد تاحال سعودی حکام کا باضابطہ مؤقف، ممکنہ جانی نقصان یا تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔