سوات پریمیئر لیگ میں انوکھا واقعہ، سڑک پر گزرتے موٹرسائیکل سوار نے ایک ہاتھ سے کیچ پکڑ لیا

سوات پریمیئر لیگ میں انوکھا واقعہ، سڑک پر گزرتے موٹرسائیکل سوار نے ایک ہاتھ سے کیچ پکڑ لیا

سوات: سوات پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں ایسا دلچسپ اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا جس نے شائقین کرکٹ کو حیران کر دیا۔

مینگورہ میں جی کے آر دیر اور سوات اسٹرائیکرز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوران سڑک سے گزرتے موٹرسائیکل سوار نے ایک ہاتھ سے گیند پکڑ کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔میچ کے دوران ایک بلے باز نے زوردار شاٹ کھیلا جس کے نتیجے میں گیند باؤنڈری عبور کرتے ہوئے گراؤنڈ سے باہر سڑک پر جا پہنچی۔ اسی وقت سڑک سے ایک موٹرسائیکل گزر رہی تھی، جس پر دو افراد سوار تھے۔موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے شخص نے غیر معمولی حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہاتھ آگے بڑھایا اور ہوا میں آتی ہوئی گیند کو کامیابی سے کیچ کرلیا۔ اس اچانک اور حیران کن منظر نے میچ دیکھنے والے شائقین کو بھی حیرت میں ڈال دیا۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ شائقین کرکٹ اس غیر معمولی کیچ کو خوب سراہ رہے ہیں اور اسے کرکٹ کے میدان سے باہر پیش آنے والا ایک یادگار لمحہ قرار دے رہے ہیں۔