ادویات پر 2D بار کوڈ لازمی قرار، وزیراعظم ’’محفوظ دوا‘‘ ایپ کا افتتاح کریں گے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) حکومت نے ملک میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام اور شہریوں کو محفوظ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جدید ٹریک اینڈ ٹریس نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں ادویات پر منفرد 2D بار کوڈ اور سیریل نمبر درج کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان اس جدید نظام اور ’’محفوظ دوا‘‘ موبائل ایپ کا افتتاح کریں گے، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے صرف ایک اسکین سے دوا کی اصلیت اور دیگر ضروری معلومات کی تصدیق کر سکیں گے۔ترجمان وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں جعلی ادویات کے خاتمے کے لیے 2D بار کوڈ کے نفاذ پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، جو صحت کے شعبے میں ایک تاریخی اور انقلابی اقدام ہے۔ اس نظام کے تحت ہر دوا کی منفرد شناخت ممکن ہوگی اور اس کی تیاری سے لے کر فروخت تک نگرانی کی جا سکے گی۔وزارت صحت کے مطابق محفوظ دو ایپ کے ذریعے شہری کسی بھی دوا پر درج ٹو ڈی بار کوڈ اسکین کرکے اس کے اصلی یا نقلی ہونے کی تصدیق کر سکیں گے۔ ایپ پر دوا کی اصلیت، میعادِ استعمال، قیمت اور استعمال سے متعلق مستند معلومات بھی دستیاب ہوں گی۔ترجمان نے بتایا کہ جعلی ادویات کی روک تھام اور ادویات کی سپلائی چین میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر عمل درآمد لازم قرار دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت ہر دوا پر منفرد 2D بار کوڈ اور سیریل نمبر درج کرنا ضروری ہوگا۔وزارت صحت کے مطابق 2D بار کوڈ کے بغیر ادویات کی درآمد اور فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔ نئے نظام سے نہ صرف جعلی ادویات کی شناخت اور روک تھام میں مدد ملے گی بلکہ ادویات کی نگرانی، معیار اور مریضوں کے تحفظ کو بھی مؤثر بنایا جا سکے گا۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ محفوظ دواایپ کے اجرا سے شہریوں کو ادویات کی تصدیق کے لیے کسی ادارے یا دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ اپنے موبائل فون کے ذریعے گھر بیٹھے دوا کے مستند ہونے کی جانچ کر سکیں گے۔