جعلی، ٹمپرڈ نمبر پلیٹس،67 موٹرسائیکل بند

 جعلی نمبر پلیٹس کے ذریعے ای چالان سے بچنے والے ملزمان کے خلاف کارروائی ،، 731 گاڑیوں کو جرمانے
 لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر ڈولفن سکواڈ کا جعلی اور ٹیمپرڈ موٹر سائیکلوں کے خلاف خصوصی کریک ڈا ئون جاری ہے، جس کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں سے 67 موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لی گئیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے ای چالان سے بچنے کے لیے موٹر سائیکلوں پر ٹیمپرڈ اور جعلی نمبر پلیٹس لگا رکھی تھیں۔ نامکمل دستاویزات، بغیر نمبر پلیٹ اور غیر منظور شدہ وہیکل پلیٹس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ٹیمپرڈ، بغیر نمبر پلیٹ اور اپلائیڈ فار گاڑیاں ڈکیتی اور موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں استعمال ہوتی رہی ہیں۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن، چیسز یا انجن نمبرز میں ردوبدل گاڑیوں کی شناخت چھپانے کی کوشش ہو سکتی ہے۔ تحویل میں لی گئی موٹر سائیکلیں مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ گجرپورہ، مصری شاہ، چوہنگ، مسلم ٹا ئون اور دیگر متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دی گئی ہیں سی ٹی او لاہور نے اپلائیڈ فار، بغیر نمبر پلیٹس، بوگس اور غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈا ئون کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ نمبر پلیٹس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران اپلائیڈ فار اور بغیر نمبر پلیٹس والی 731 گاڑیوں کو بھاری جرمانے کیے گئے، جبکہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور جعلی نمبر پلیٹس لگانے پر 14 مقدمات درج کیے گئے۔ بغیر نمبر پلیٹس اور اپلائیڈ فار 724 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، فینسی اور محکمہ ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس نہ لگانے پر 247 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ نمبر پلیٹس ٹیڑھی کرنے، توڑنے اور ماڈل چھپانے پر 403 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔ مہم کے دوران معمولی خلاف ورزیوں پر 40 ہزار سے زائد موٹر سائیکل اور گاڑی مالکان کو آگاہی بھی فراہم کی گئی۔