لاہور: دو بہنوں سمیت 3 افراد کے قتل کا ملزم زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر گیا

لاہور: دو بہنوں سمیت 3 افراد کے قتل کا ملزم زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر گیا

لاہور: گارڈن ٹاؤن میں دو بہنوں سمیت تین افراد کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے ملزم نے اوکاڑہ کے علاقے گوگیرہ میں زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔

 ملزم واردات کے بعد فرار ہوکر روپوش ہوگیا تھا، تاہم پولیس کی گرفتاری کی کوششوں کے دوران اس نے زہریلی گولیاں کھا لیں اور بعدازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق ملزم جاوید لاہور میں تین افراد کو قتل کرنے کے بعد اوکاڑہ کے علاقے گوگیرہ فرار ہوگیا تھا، جہاں وہ روپوش تھا۔ لاہور پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے گوگیرہ پہنچی، تاہم وہ پولیس کے ہاتھ نہ آسکا۔

بعدازاں ملزم عبدالستار کالونی گوگیرہ سے زہریلی گولیاں کھانے کے بعد خود تھانے پہنچ گیا اور پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ اس نے لاہور میں فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کیا ہے۔پولیس نے ملزم کی تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی ہے۔

چچا کے گھر رقم کے مطالبے پر جھگڑا، تین کزنز کو قتل کیا

پولیس کے مطابق ملزم جاوید تین روز قبل اپنے بھائی سرور کے ہمراہ لاہور میں اپنے چچا ظہور احمد کے گھر گیا تھا۔ اس دوران ملزم نے چچا سے ادھار رقم کا مطالبہ کیا، جس پر ظہور احمد دونوں بھتیجوں کو اپنے گھر گارڈن ٹاؤن لے آئے۔پولیس کے مطابق گھر میں موجودگی کے دوران اچانک جاوید نے اپنے کزنز لائبہ، آسیہ اور عرفان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں تینوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا، جبکہ پولیس نے اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائی شروع کردی تھی۔

بیٹی کا رشتہ دینے سے انکار بھی قتل کی وجہ بنا؟

مقدمے کی ایف آئی آر کے مطابق مدعی ظہور احمد نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزم جاوید نے ایک سال قبل ان کی بیٹی کا رشتہ مانگا تھا، تاہم انکار پر وہ ناراض ہوگیا تھا۔