لاہور کے علاقے قاضی پارک، شاہدرہ کی رہائشی 32 سالہ خاتون مہک نے گھریلو ناچاقیوں سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کی کوشش کی۔
پولیس ترجمان کے مطابق، خاتون نے گندم کو محفوظ رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ نے فوری طور پر مہک کو سروسز اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ تاحال تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بروقت طبی امداد دی گئی ہے تاہم مریضہ کی حالت بدستور نازک ہے۔پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور اہل خانہ سے ابتدائی بیانات قلمبند کر لیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی تفتیش میں خودکشی کی کوشش کی وجہ گھریلو جھگڑے بتائی گئی ہے۔پولیس اور ماہرین نفسیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ذہنی دباؤ اور گھریلو مسائل کی صورت میں فوری طور پر ماہرین سے رجوع کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہو سکتا ہے۔